بنگلورو،3 جنوری(ایس او نیوز) بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن اسمبلی (حلقہ بلاری) سوم شیکھر ریڈی نے آج مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرتے ہوئے یہ دھمکی دی ہے کہ اگر اس ملک میں رہنا ہے تو ہم جیسا چاہتے ہیں ویسا سنو-سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ترک کردو- اب تک ریاست کرناٹک میں بی جے پی کے اننت کمار ہیگڑے،پرتاپ سمہا، نلن کمار کٹیل اور سی ٹی روی مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے تھے- اب غیرقانونی کان کنی میں ملوث سوم شیکھر ریڈی نے ان تمام کو پیچھے چھوڑ دیا ہے- اس نے یہ بھی کہاکہ ہماری بات نہ ماننے والے مسلمان پاکستان چلے جائیں ورنہ ہمیں معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کرنا ہے -اس ملک سے مسلمان چلے گئے تو ملک کی آبادی بھی کم ہوجائے گی- بی جے پی کے رکن پارلیمان حلقہ بنگلوروساؤتھ تیجسوی سوریا کے حالیہ بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پنکچر ڈالنے والے مسلمانوں کو کیا معلوم کہ سی اے اے اوراین آر سی کیا ہے - انہیں کانگریس بہکارہی ہے - ایک مخصوص طبقہ کے خلاف زہر افشانی کرنے والے سوم شیکھر ریڈی کے خلاف پولیس کو فوری کارروائی کرنی چاہئے ورنہ ریاست کے نظم وضبط میں خلل پڑسکتا ہے - اس نے یہ بھی کہاکہ اس ملک میں ہم 80فیصد ہیں اور مسلمان 17 فیصد -مسلمان ہندوؤں کا کچھ کرہی نہیں سکتے - بلاری میں آج سی اے اے اور این آر سی کی حمایت میں منعقدہ ایک اجلاس میں اس نے یہ باتیں کہیں - افسوس اس بات کا ہے کہ اس اجلاس میں سینکڑوں مسلمانوں نے بھی شرکت کی- مسلمانوں کے خلاف کھلے عام زہرافشانی کرنے والے اس فرقہ پرست کو فوری گرفتارکرکے اس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا کئی سکیولر اور مسلم تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے -